کراچی: شادی میں ہوائی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق
گلستان جوہر بھٹائی آباد میں شادی کی خوشی میں کیے جانے والی ہوائی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ہفتےاور اتوارکی درمیانی شب گلستان جوہر تھانے کے علاقے گلشن جوہر بلاک 9 بھٹائی آباد میں فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول نوجوان کی شناخت 20 سالہ عابد ولد زمان خان کے نام سے کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس بھی اسپتال پہنچ گئی اورپولیس نے اسپتال سے ایک شخص کوحراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
ایس ایچ اوگلستان جوہرپیرشبیرحیدر کے مطابق بھٹائی آباد میں شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی جا رہی تھی اورہوائی فائرنگ کے دوران ایک گولی نوجوان عابد کولگی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ نوجوان دم توڑگیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ہوائی فائرنگ مقتول کے اپنے رشتہ داروں کی جانب سے کی گئی ہے، ہوائی فائرنگ میں ملوث تاحال کسی ملزم کوگرفتارنہیں کیا جا سکا ہے، اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔