کشتی حادثہ؛ یونان میں پاکستانی سفارتخانے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے خصوصی سیل قائم

پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانیوں کی شناخت کیلیے +30-6943850188 پر واٹس ایپ کی سہولت فراہم کر دی

اسلام آباد:

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر یونان میں پاکستانی سفارتخانے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا گیا۔

یونان میں پاکستانی سفارتخانہ ریسکیو کیے گئے افراد اور ان کے اہل خانہ کے مابین روابط اور انکی مدد کے لیے سرگرم ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار واقعے میں متاثرہ پاکستانیوں کی نشاندہی و مدد کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز، کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعے میں متاثرہ 47 پاکستانیوں کی نشاندہی کرکے انہیں ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم کے فوری نوٹس پر پاکستانی سفارتخانے نے یونانی حکومت کے متعلقہ اداروں کو خط بھی لکھا۔

مزید پڑھیں؛ یونان کشتی حادثے میں ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

خصوصی سیل پاکستانیوں کی شناخت اور ورثاء کی اپنے پیاروں تک رسائی یقینی بنائے گا۔ یونان میں پاکستانی سفارتخانے نے کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں پاکستانیوں کی شناخت کے لیے +30-6943850188 پر واٹس ایپ کی سہولت فراہم کر دی ہے۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں حادثے کا شکار پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، معصوم شہریوں کو ورغلا کر انسانی اسمگلنگ کے مذموم فعل میں شریک عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ واقعے میں متاثرہ افراد اور انکے اہل خانہ کی حکومت پاکستان اور یونان میں پاکستانی سفارتخانہ ہر ممکن معاونت کرے گا۔

Load Next Story