دبئی جانے والے مسافر سے لاہور ائیرپورٹ پر 2 کلو آئس برآمد

اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں 15 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کیں، ترجمان

لاہور ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر سے 2 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کے مطابق اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور ائیرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر سے 2 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔ دیگر کارروائیوں میں 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 2705.75 منشیات برآمد کی گئیں۔ کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملتان میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 750 گرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ بلوچستان  میں پشین کے پہاڑی علاقے سے 2600 کلو چرس برآمد کی گئی۔ چمن میں پہاڑی علاقے میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 76 کلو ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔ کیچ کے علاقے تربت میں ہوٹل کے قریب لاوارث موٹر سائیکل سے 3 کلو ہیروئن اور 5 کلو چرس برآمد ہوئی۔ مکرانی پاڑہ حیدرآباد میں ریلوے پھاٹک کے قریب سے 19 کلو چرس برآمد کی گئی۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story