18 سال سے پینشن نہ دینے کیخلاف درخواست، چیف سیکریٹری پنجاب کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم
لاہور ہائی کورٹ نے سرکاری ملازم کو 18 سال سے پنشن نہ دینے کے خلاف درخواست پر چیف سیکریٹری پنجاب کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزارکے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے اسپورٹس بورڈ پنجاب میں 23 برس تک فرائض انجام دئیے۔ درخواست گزارفروری 2006 میں ریٹائرہوئے۔ انہیں 18 سال اور 10 ماہ گزرنے کے بعد بھی پینشن جاری نہیں کی گئی۔ عدالت فروری 2006 سے پینشن جاری کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے درخواست پر پنجاب کے چیف سیکریٹری کو ایک ماہ میں فیصلے کرنے کا حکم دیا۔