قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار
سندھ رینجرز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ اور سندھ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد سے دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور بھتہ وصولی کی متعدد وارداتوں میں ملوث فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزمان محمد جاوید سواتی عرف بھائی جان، شاہد حسین عرف عمر اور اکبر زیب خان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمیونیشن اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔
پاکستان رینجرز (سندھ) اور CTD ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق فتنہ الخوارج سوات گروپ سے ہے۔ ملزم جاوید سواتی عرف بھائی جان 2008 میں فتنہ الخوارج سوات گروپ میں شامل ہوا اور سوات میں کمانڈر عمر الرحمان عرف استاد فاتح اور بن یامین کے گروپ کے ساتھ سوات میں انتہائی متحرک رہا۔ ملزم کے دو بھائی شاہد اور زاہد سوات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہوگئے تھے اور ملزم اپنی فیملی کے ہمراہ سوات آپریشن کے بعد کراچی میں شفٹ ہوا اور مختلف مقامات پر روپوش رہا۔
ملزم 2012 میں کراچی سے گرفتار ہوا اور سوات میں عرصہ تقریبا 14 ماہ تک جیل میں رہا۔جیل سے رہائی کے بعد ملزم گلشن بونیر لانڈھی میں شفٹ ہوا جبکہ ملزم کے قریبی ساتھی کمانڈر عمرالرحمان عرف استاد فاتح، عبد الرحمان عرف شہزاد، حبیب اللہ عرف معاویہ کنڑ افغانستان میں شفٹ ہوگئے ۔ ملزم کے کمانڈر عمر الرحمان عرف استاد فاتح ، عبد الرحمان عرف شہزاد اور حمید اللہ عرف اظہار سے انتہائی قریبی تعلقات تھے اور بذریعہ واٹس ایپ مسلسل رابطے میں تھے ۔ ملزم ان کے لئے سہولت کاری کا کام بھی سر انجام دیتا رہا ہے۔۔
رینجرز ترجمان کے مطابق ملزمان شاہد حسین عرف عمر اور اکبر زیب خان 2010 میں غلبہ السلام میں شامل ہوئے۔ 2014 میں زکریا عرف انعام اللہ فتنہ الخوارج سوات گروپ میں شامل ہوئے۔ ملزمان عسکری تربیت یافتہ ہیں اور افغانستان متعدد بار جاچکے ہیں۔ ملزمان کراچی میں بھتہ وصولی، قتل و اقدام قتل کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں زکریا عرف انعام اللہ ، رفیع اللہ عرف ٹیکسی والا اور عدنان ہزارے وال کے ساتھ مل کر جنرل ٹائر کمپنی کے صدر کو 20لاکھ روپے، بنارس میں جنرل سٹور کے مالک کو 10 لاکھ روپے، اسٹیل ٹاؤن میں ٹینکر والے کو 10 لاکھ روپے، بنارس کے قریب فروٹ سپلائر کو 3 لاکھ، پراپرٹی ڈیلر کو 2 لاکھ ، بنارس میں جنرل اسٹور کے مالک کو 15 لاکھ کی بھتہ کی ڈیمانڈ کی اور متعدد سے بھتہ وصول کیا۔
تاجرعبدالغفارسے مبلغ 50 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جس کی ایف آئی آر تھانہ قائد آباد میں درج ہے۔ ملزم اکبرزیب خان نے اپنے ساتھی زکریا عرف انعام للہ کے ساتھ مل کر لانڈھی کے قریب مخبری کے شبے میں ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل فضل زادہ کو قتل اور سید آفرین کو زخمی کیا جس کی ایف آئی آر تھانہ قائد آباد میں درج ہے۔
ملزمان سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ملزمان سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔