پنجاب تھیٹروں میں فحاشی کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان

صوبہ بھر کے تھیٹروں کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جا رہا ہے، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل

پنجاب آرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تنویر ماجد نے تھیٹروں میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور ذومعنی فقروں کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے تھیٹروں کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے فنکاروں اور پروڈیوسرز پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

تنویر ماجد نے لاہور میں کلچرل نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل ثقافتی ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ نئے اور باصلاحیت فنکاروں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ باغ جناح اوپن ایئر تھیٹر کو مستقل بنیادوں پر فعال کیا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری تفریح اور فنکاروں کو ایک بہتر پلیٹ فارم فراہم ہو سکے۔

کلچرل رپورٹرز کی تجاویز پر تبصرہ کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ تھیٹروں میں فحاشی کے خاتمے کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو سخت بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی تھیٹر کو بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر ایسے عناصر کا خاتمہ کیا جائے گا۔

تنویر ماجد نے مزید کہا کہ ثقافت کسی بھی معاشرے کی پہچان ہے اور اس کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پنجاب آرٹس کونسل اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

 

Load Next Story