کوٹ محمدی میں قتل کا معمہ حل، بیوی، سالی اور دو آشنا گرفتار
کوٹ محمدی میں شوہر کی قاتل بیوی نکلی، پولیس نے بیوی، سالی اور دو آشناؤں کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نواں کوٹ پولیس نے شہری کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے چار مرکزی ملزمان کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا، کوٹ محمدی میں قتل ہونے والے مقتول شہباز کے قتل میں اس کی اپنی بیوی ملوث نکلی۔
پولیس کے مطابق مقتول شہباز کی بیوی ندا نے اپنی بہن ثناء اور دو آشناؤں رحمان عرف مانا اور ببا سے مل کر قتل کی واردات کی، ندا نشہ کی عادی خاتون تھی جو بے راہ روی کا شکار تھی جب کہ خاوند شہباز اسے منع کرتا تھا، بیوی نے اپنے آشناؤں سے مل کر شہباز کو گلے میں نالے کے ساتھ پھندا دے کر قتل کیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن بلال احمد کے مطابق پولیس نے چاروں مرکزی ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، ایس پی نے ایس ایچ او نواں کوٹ رفیع اللہ خاں اور پولیس ٹیم کو شاباشی تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔