"چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے کوئی حرف نہیں آنے دینگے"
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں شرکاء کو چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں 76واں اجلاس ہوا، جس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں گورننگ بورڈ کے اراکین چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، پی ایس ایل کے ہیڈ سلمان نصیر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت ہوئے۔
شرکاء کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، اس کے علاوہ اسٹیڈیمز کی تعمیر نو پر بھی بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی؛ راولپنڈی اسٹیڈیم کے میچز سے محروم ہونے کا امکان
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا، اس موقع پر اراکین نے آئی سی سی ٹورنامنٹ پر چیئرمین کے اصولی موقف کوسراہا۔
محسن نقوی نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کر رہا ہوں، بورڈ چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کےلیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔
مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان آج متوقع ہے
انہوں نے اپنے موقف کو دہرایا کہ چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور اس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے، تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہیں گے، ہمارے شائقین کرکٹ تمام ٹیموں کو اپنے گراؤنڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہوں، اس کھیل سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں، ہمیں اس میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے۔