پشپا 2 کی اسکریننگ کے دوران زخمی ہونے والا بچہ دماغی طور پر مردہ قرار
جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار الو ارجن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’پشپا 2‘ کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ مچنے کے باعث زخمی ہونے والے 9 سالہ بچے کو دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے اس 9 سالہ بچے، سریتیج کی رپورٹس جاری کی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ بھگدڑ کے دوران آکسیجن کی کمی کے باعث اس کے دماغ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
تلنگانہ کی ہیلتھ سیکریٹری ڈاکٹر کرسٹینا کا کہنا ہے کہ بچے کی حالت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، اور صحت یابی کی امید ابھی باقی ہے، بچہ وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج ہے۔
واضح رہے کہ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں ’پشپا 2: دی رول‘ کے پریمیئر کے موقع پر بھگدڑ کے باعث ایک خاتون جاں بحق جبکہ سریتیج شدید زخمی ہو گیا تھا۔