باڑہ: منشیات اسمگلروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
خیبر پختونخوا کے تھانہ باڑہ کی حدود میں پولیس ناکے پر منشیات سمگلروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق باڑہ کے علاقے شلوبر میں پولیس ناکے پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار ندیم خان شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
منشیات سمگلروں کی فائرنگ سے شہید اہلکار ندیم خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز شاکس میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
ڈی پی او رائے مظہر اقبال، ڈی سی خیبر، ڈائریکٹر پی ٹی ایس شاکس، ایس پی انویسٹی گیشن خیبر، دیگر پولیس افسران، علاقہ معززین اور شہید کے لواحقین نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
شرکاء نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی، ڈی پی او نے شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہید کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید خیبر پولیس کا ایک دلیر اور بہادر جوان تھا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہمشیہ فرنٹ لائن پر لڑا، آج بھی جانفشانی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے شہید کے ورثا کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے کفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔