ایس پی ایس سی نے مشترکہ مسابقتی امتحان 2021 سے متعلق خبروں کو بےبنیاد قرار دیدیا

کمیشن انتظامیہ ایسے مذموم عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے، ترجمان

کراچی:

سندھ پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مسابقتی امتحان (سی سی ای 2021) سے متعلق خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا۔

ترجمان سندھ پبلک سروس کمیشن کے مطابق بعض چینل سوچی سمجھی سازش کے تحت جھوٹی خبریں چلا رہے ہیں، ایسی خبروں کا مقصد سی سی ای نتائج کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے متنازعہ بنانا ہے۔

سی سی ای 2021 امتحانات میں بعض امیدواروں نے 1000 میں سے 600 نمبر حاصل کیے، ایسے امیدواروں کی انٹرویو میں کارکردگی اچھی نہیں رہی جس کا ریکارڈ موجود ہے۔ تمام مارکس اور محدود ترجیحات کے پیش نظر ان امیدواروں کو کوئی ملازمت نہیں دی گئی یا ایلوکیٹ نہیں کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سروس آپشن میں بھی ان امیدواروں نے صرف پی ایم ایس یا ڈی ایس پی رکھا تھا۔ اگر ان امیدواروں نے پی ایم ایس اور ڈی ایس پی کے علاوہ مختیارکار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیبر)، اسسٹنٹ رجسٹرار اور کوآپریٹو سوسائٹی کے آپشن دیے ہوتے تو شاید ایلوکیشن ہو جاتی۔

معزز عدالت عالیہ کے حکم کی روشنی میں انٹرویوز کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگز محفوظ کر لی گئی ہیں، یہ ریکارڈنگز فیل ہونے والے امیدواروں کی کارکردگی کے ٹھوس شواہد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ انٹرویو کمیٹی کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان کے مطابق بے بنیاد معلومات کی بنیاد پر آئینی ادارے کو بدنام کرنا تشویشناک ہے، کمیشن انتظامیہ ایسے مذموم عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

Load Next Story