حکومت مذاکرات کرے یا نہیں، ہم کسی سے ڈرنے، دبنے والے نہیں، عمر ایوب
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم کسی سے ڈرنے یا دبنے والے نہیں، ہم نے کسی کے پاس نہیں جانا، کسی نے مذاکرات کرنے ہیں تو کریں نہیں تو نہ کریں۔
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے القادر ٹرسٹ کیس میں کل دیر تک عدالت میں سماعت جاری رہی، عدالت کا وقت 3 یا 4 بجے تک ہوتا ہے، سوال یہ ہے کیوں اتنی دیر تک سماعت جاری رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو گنجائش سے زیادہ جیلوں میں رکھا ہوا ہے، ہم کسی سے ڈرنے یا دبنے والے نہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے، مذاکرات کےلیے ہم نے کسی کے پاس نہیں جانا، کسی نے مذاکرات کرنے ہیں تو کریں نہیں تو نہ کریں، لگتا ہے حکومت کو مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔