دو بنیادی مطالبات کے علاوہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کریں گے، علی محمد
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام ہمارے دو بنیادی مطالبات ہیں اور آگے جاکر ان مطالبات میں ہم انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ بھی شامل کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے معاملے میں سنجیدگی ہو۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام ہمارے دو بنیادی مطالبات ہیں، اور آگے جا کر ان مطالبات میں ہمارا جو مطالبہ شامل ہوگا وہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کرانا ہوگا۔
انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ نواز شریف کے ہوتے ہوئے شہباز شریف کو وزیر اعظم بنایا گیا اس کا مطلب کوئی مسئلہ ہے۔