این اے 47 کے بعد این اے 48 کی الیکشن ٹریبونل کارروائی بھی روکنے کا حکم
اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 47 کے بعد این اے 48 کی الیکشن ٹربیونل کارروائی بھی روکنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے امیدوار علی بخاری کی درخواست پر سماعت کی۔ علی بخاری اور دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کو علی بخاری کی پیٹیشن کی حد تک کارروائی سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل این اے 46 کی حد تک کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ الیکشن ٹریبیونل نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق کیس 24 دسمبر کے لئے مقرر کر رکھا ہے۔ حلقہ این اے 48 سے راجہ خرم شہزاد نواز کی کامیابی کو پی ٹی آئی کے علی بخاری نے چیلنج کر رکھا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار شعیب شاہین کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن پٹیشن کی حد تک ٹریبیونل کو کارروائی سے روک دیا تھا۔ این اے 47 سے طارق فضل چوہدری ایم این اے بنے۔ ان کی کامیابی کو شعیب شاہین نے چیلنج کر رکھا ہے۔