لاہور میں تین روزہ رنگا رنگ برائیڈل شو اختتام کو پہنچ گیا
لاہور میں تین روزہ برائیڈل شو اپنی تمام تر رنگینیوں اور شاندار ملبوسات کے مظاہرے کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
یہ ایونٹ فیشن انڈسٹری کی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہوا، جس میں ملک کے نامور ماڈلز، ڈیزائنرز، اور گلوکاروں نے شرکت کی۔ شو کے آخری دن جگن کاظم، انمول بلوچ، حریم فاروق، منوا سسٹرز، میکال ذوالفقار، اور منیب بٹ سمیت ٹاپ ماڈلز نے ریمپ پر فیشن کا جلوہ بکھیر کر شاندار واک سے شو کو چار چاند لگا دیے۔
ہر ڈیزائنر نے اپنی تخلیقات پیش کیں جو کہ جدید اور کلاسیکی امتزاج کا حسین امتثال تھیں۔ دیدہ زیب لہنگے، زرق برق ملبوسات، اور جیولری نے حاضرین کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ شو کے دوران موسیقی بھی فیشن کی طرح اہم جزو رہی۔
علی ظفر اور دیگر معروف گلوکاروں نے اپنی جاندار پرفارمنسز سے محفل کو گرما دیا۔ موسیقی اور فیشن کا یہ حسین امتزاج شو کے شرکاء کے لیے ناقابل فراموش تجربہ بن گیا۔ برائیڈل شو کے شاندار انتظامات، پروڈکشن ڈیزائن، اور ماڈلز کی بے مثال پرفارمنس نے اس ایونٹ کو بین الاقوامی معیار کا بنا دیا۔
اس شو میں پیش کیے گئے ڈیزائنز نے ریمپ کو ایک آرٹ گیلری میں تبدیل کر دیا اور حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔ ایونٹ کے اختتام پر ڈیزائنرز اور آرگنائزرز نے اس کامیاب شو پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک فیشن شو نہیں بلکہ فیشن انڈسٹری کو ترقی دینے کی ایک اہم کوشش ہے، جو آنے والے دنوں میں مزید مواقع پیدا کرے گی۔
اس میگا ایونٹ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی بھی زینت بنی ہوئی ہیں اور خواب وائرل ہو رہی ہیں، سوشل میڈیا صارفین بھی ان ملبوسات کو پسند کر رہے ہیں۔