لاہور؛ ناشتہ مفت نہ دینے پر دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو تشدد اور دھمکیاں دیتے دیکھا جا سکتا ہے

لاہور:

فیصل ٹاؤن کے علاقے میں ناشتہ مفت نہ دینے پر دکاندار پر تشدد کرنے والے ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان چند روز قبل علی الصبح فیصل ٹاؤن میں واقع چنے والے سے ناشتہ لینے آئے، دکاندار نے پیسوں کا تقاضا کیا جس پر ملزمان گن پوائنٹ پر تشدد اور مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔

ایس ایچ او فیصل ٹاؤن سلمان اکبر کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو تشدد اور دھمکیاں دیتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم گلزار 3 مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دیگر ملزم کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں جسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا، عوام کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

Load Next Story