بااثرشخص کی بیوی ورون دھون کے گھر کیوں آئی، اداکار کا خوفناک انکشاف
بالی وڈ کے معروف اداکار ورون دھون نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنی زندگی کا ایک خوفناک واقعہ سنایا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک بااثر شخص کی بیوی ان کے گھر میں گھس آئی تھی، جس نے انہیں شدید خوفزدہ کردیا۔
ورون دھون نے بتایا کہ ایک خاتون، جو کسی بااثر شخص کی اہلیہ تھیں، ان کا تعاقب کرتے ہوئے ان کے گھر تک پہنچ گئیں۔
ورون دھون نے مزید کہا "کوئی شخص اس خاتون سے میری جیسی آواز استعمال کر کے بات کر رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ خاتون دھوکے میں میرے گھر تک آگئی۔ حیرت انگیز بات یہ تھی کہ وہ میرے گھر کے بارے میں سب کچھ جانتی تھیں اور بضد تھیں کہ میں نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ میں ان کے لیے اپنا گھر چھوڑ دوں گا،"۔
اداکار نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد انہیں پولیس کو بلانا پڑا، جس کے بعد ایک خاتون کانسٹیبل نے صورتحال کو سنبھالا۔
ورون دھون نے عوامی سطح پر اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار ایک خاتون مداح نے انہیں زبردستی بوسہ دیا، جو ان کے لیے ایک ناگوار تجربہ تھا۔
واضح رہے کہ ورون دھون نے 2021 میں اپنی قریبی دوست نتاشا سے شادی کی تھی، اور جون 2024 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔