سپریم کورٹ کا فوجی عدالتوں میں سویلینز کے کیسز کی اجازت دینا افسوسناک ہے، اسد قیصر

عمران خان کے خلاف تمام کیسز انتقامی ہیں، پارلیمنٹیرینز پر دہشتگردی کے مقدمات درج کردیے گئے

پشاور:

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے کیسز کی اجازت دینا افسوسناک ہے۔

ہائی کورٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے  اسد قیصر نے کہا کہ ہم آزاد عدلیہ چاہتے ہیں، اس ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ملٹری کورٹ میں سویلینز کے کیسز کی اجازت دینا افسوس ناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریاست نے ہم پر جو مقدمات درج کیے ہیں اس پر بھی افسوس ہے۔ کل ہمارے مذاکرات ہوئے ہیں، ہم نے 3 پوائنٹس سامنے رکھے ہیں۔ جو کارکنان کے ساتھ سلوک ہو رہا ہے ، گرفتار افراد کی رہائی کی بات کی ہے۔ اس کے علاوہ 9 مئی اور 24 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں پر دباؤ کے خلاف ہیں، ہم  چاہتے ہیں کہ عدالت میں آزادی سے فیصلے کیے جائیں۔ اس وقت قوم کے سامنے بات رکھی ہے، گارنٹی کوئی نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام کیسز انتقامی ہیں۔ ہم صرف انصاف چاہتے ہیں۔ اتنے کیسز بنائے گئے ہیں کہ اہم مقدمات کی اہمیت ہی ختم ہوگئی ہے۔ پارلیمنٹیرینز پر دہشت گردی، قتل اور غداری کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سویلینز کے کیسز ملٹری کورٹ میں سننے کے فیصلے پر مایوسی ہوئی۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے کسی کارکن نے ایک گملا تک نہیں توڑا۔ ہماری جدوجہد آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے۔

Load Next Story