فخر زمان کا "یوٹرن" بابراعظم سے متعلق متنازع ٹوئٹ پر لب کشائی کردی
قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے سابق کپتان بابراعظم کو ڈراپ کیے جانے سے متعلق ٹوئٹ پر لب کشائی کردی۔
نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اوپنر فخر زمان نے سابق کپتان بابراعظم کو ڈراپ کرنے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تنقید کا نشانہ بنانے کی تردید کی۔
فخر زمان نے کہا کہ میرا ٹوئٹ دراصل صحافیوں اور سابق کرکٹرز کیلئے تھا جو بابراعظم کو ڈراپ کرنے کا مطالبہ کررہے تھے، وہ انکی ٹیم میں کارکردگی کو نظر انداز کررہے تھے البتہ میں نے بورڈ پر تنقید نہیں تھی۔
مزید پڑھیں: فخر زمان ایک مرتبہ پھر سنسنی خیز بیان دیکر خبروں کی زینت بن گئے
انہوں نے کہا کہ میں نے ایک لمحے سوچا مجھے ٹوئٹ نہیں کرنا چاہیے تھا کیونکہ میرے ایک بیان کو 100 فیصد غلط سمجھا گیا۔
اوپنر نے فٹنس سے متعلق سوال پر کہا کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے 2 ماہ کے آرام کیلئے درخواست کی تھی کیونکہ مجھے ہائپر تھائیرائیڈزم کی تشخیص ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: فخر زمان کا ’ناکردہ گناہ‘ معاف نہ ہوسکا، فٹنس کو بنیاد بناکر پھر نظر انداز
قبل ازیں فخر زمان نے سلیکٹر و عبوری ہیڈکوچ عاقب جاوید کی جانب سے اپنے اَن فٹ ہونے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں فٹ اور کھیلنے کیلئے تیار ہوں، جنوبی افریقا سے سیریز میں فٹنس مسائل کی وجہ سے شامل نہ کرنے کا تاثر درست نہیں۔
مزید پڑھیں: فخر زمان کی مشکلات جلد آسان ہونے کا امکان
واضح رہے کہ سابق کپتان بابراعظم سے متعلق کیے گئے متنازع ٹوئٹ کے بعد مبینہ طور پر اوپنر کو 2024-25 کیلئے اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے خارج کردیا گیا تھا، بعدازاں انہیں دورہ آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور زمبابوے کیلئے بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔