دنیا کی سب سے طویل اور تیز رفتار انٹرنیٹ سب میرین کیبل پاکستان پہنچ گئی
دنیا کی سب سے طویل اور تیز رفتار انٹرنیٹ سب میرین کیبل پاکستان پہنچ گئی۔
سب میرین کیبل 2 افریقا کو ہاکس بے بی ایم ایکس (بیچ میں ہول) تک پہنچا دیا گیا ہے، یہ 16 پیئر کی کیبل ہے جس کی مجموعی گنجائش 180 ٹیرا بائٹ ہے اور یہ دنیا کی سب سے طویل انٹرنیٹ کیبل ہے۔
یہ پاکستان تک پہنچنے والی سب سے تیز رفتار گنجائش کی سب میرین کیبل ہے جسے 2025 کے اختتام تک آپریشنل کیا جائے گا، کیبل کی کنیکٹیویٹی سے پاکستان میں میٹا صارفین کی میٹا کے مواد تک رسائی بہتر ہوگی۔
2 افریقا سب میرین انٹرنیٹ کیبل 45 ہزار کلو میٹر پر مشتمل ہے، 33 ممالک میں 46 لینڈنگ اسٹیشنز اس کے نیٹ ورک کا حصہ ہیں، پاکستان 2 افریقا پرل کا حصہ ہے جو خلیجی ملکوں سے بھارت تک پہنچے گا۔
ہیڈ آف سب میرین کیبل منیف رانا کاکہنا ہے کہ ٹرانس ورلڈ نے اس سے قبل 2 انٹرنیٹ سب میرین کیبلز پاکستان تک پہنچائیں، انٹرنیٹ مواد بڑھنے سے انٹرنیٹ کیبلز کی طلب بڑھ رہی ہے، یہ چائنا موبائل انٹرنیشنل، میٹا اور دیگر پر مشتمل کنسورشیم کا کیبل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیبل پاکستان میں 24 ٹیرا بٹس لے کر آئے گی جس سے انٹرنیٹ کی رفتار بہتر ہوگی، یہ کیبل ڈیجیٹل پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، کیبل افریقا سے عمان اور عمان سے پاکستان آرہی ہے۔
چیف ٹیکنیکل آفیسر ٹرانس ورلڈ عامر الدین نے کہا کہ 2 افریقا انٹرنیٹ سب میرین کیبل پاکستان کو مڈل ایسٹ، افریقا اور یورپ سے منسلک کریگی، کیبل سال 2025 کی چوتھی سہ ماہی تک فعال ہوگی۔ منصوبہ پاکستان کے بین الاقوامی رابطے کو مزید بہتر اور مضبوط بنائے گا۔