کرنٹ لگنے سے بچے کی ہلاکت؛ کے الیکٹرک کو 48 لاکھ 19 ہزار ہرجانہ ادا کرنے کا حکم
کرنٹ لگنے سے بچے کی ہلاکت کے کیس میں عدالت نے کے الیکٹرک کو 48 لاکھ 19 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
کے الیکٹرک کے خلاف عدالت نے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم جاری کرنے کا بڑا فیصلہ صادر کردیا۔ کرنٹ سے جاں بحق ہونے والے کمسن اذان کے لواحقین کو انصاف مل گیا۔
سینئر سول جج ایسٹ کی عدالت نے کمسن اذان کے کرنٹ سے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں کے الیکٹرک کے خلاف تاریخی فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے 6 سال بعد مقدمے کا فیصلہ کرتے ہوئے کے الیکٹرک حکام کے خلاف ڈگری جاری کر دی اور کے الیکٹرک کو حکم دیا کہ متاثرہ خاندان کو ہرجانہ ادا کیا جائے۔
جج عنبرین جمال کی جانب سے دیے گئے فیصلے میں کے الیکٹرک کو حکم دیا گیا ہے کہ لواحقین کو 48 لاکھ 19 ہزار روپے کا ہرجانہ ادا کیا جائے۔
مقدمے کے وکیل ایڈووکیٹ عثمان فاروق کے مطابق 2017 میں کراچی میں ہونے والی بارشوں کے دوران کمسن اذان کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے میں کے الیکٹرک کی غفلت واضح تھی، کیونکہ گارڈ وائر لگانے میں ناکامی کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے ان کے دعوے کو درست تسلیم کرتے ہوئے لواحقین کو انصاف فراہم کیا ہے۔