قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کا پی آئی اے پروازوں میں ملنے والے کھانوں پر اظہار برہمی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے پی آئی اے کی پروازوں میں ملنے والی فوڈ کوالٹی کو انتہائی غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی ایوی ایشن کا اجلاس چئیرمین کمیٹی نوابزادہ افتخار احمد خان کے زیر صدارت منعقد ہوا۔
ممبر رانا ارادت خان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پی آئی اے فلائٹ میں بہت اچھی بریانی ملتی تھی مگر آج کل قل شریف جیسے چاول ملتے ہیں جب کہ پی آئی اے عملے کا دوران پرواز رویہ بھی انتہائی افسوس ناک ہوتا ہے اور پی آئی اے کریو کہتا ہے جہاں شکایت کرنی ہے کرلیں۔
مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ پی آئی اے کی پرواز میں چیس اتنے سخت ہوتے ہیں کھائے نہیں جاتے، میں نے کافی مرتبہ کھانے کی تصاویر بنائی ہیں لیکن یہاں دیکھانا نہیں چاہتی۔
سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اس مسئلے کا حل نکالا جائے، کریو ممبران کے لیے ری فریشر کورسز کروائے جائیں، کوشش ہے پیرس فلائٹ سے قبل ان شکایات کو دور کردیا جائے۔