کراچی؛ شہریوں کو مردہ مرغیوں کا گوشت کھلانے والے 3 ملزمان گرفتار
زمان ٹاؤن پولیس نے مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے کے الزام میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، پولیس نے چھاپے کے دوران 64 کلو مردہ مرغیوں کا گوشت بھی برآمد کرلیا.
ایس ایچ او زمان ٹاؤن رضوان قریشی نے بتایا کہ پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کورنگی کے علاقے 3 نمبر سیکٹر 50 سی میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران 3 ملزمان روبن مسیح ، طالب اور عبدالرحمٰن کو گرفتار کرلیا جو مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کر رہے تھے.
چھاپہ مار کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے خفیہ ٹھکانے سے مردہ مرغیوں کا 64 کلو سے زائد گوشت بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ مردہ مرغیوں کو جمع کر کے مذکورہ مقام پر ان کا گوشت بناتے تھے جبکہ ملزمان نے کورنگی سمیت دیگر مضافاتی علاقوں میں قائم ہوٹل میں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے تاہم پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ۔