انڈیا نے ایک اور پاکستان مخالف فلم کی تیاری شروع کردی 

فلم میں سنی دیول، ورون دھون، دلجیت دوسانجھ، اور آہان شیٹی اہم کردار ادا کر رہے ہیں

بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم "بارڈر" کے سیکوئل "بارڈر 2" کی شوٹنگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ فلم کی پروڈیوسر ندھی دتہ نے سوشل میڈیا پر فلم کے کلپربورڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ خبر دی۔

فلم میں سنی دیول، ورون دھون، دلجیت دوسانجھ، اور آہان شیٹی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ "بارڈر 2" کی ہدایتکاری معروف ڈائریکٹر انوراگ سنگھ کریں گے، جو فلم کو ایک شاندار ایکشن، ڈرامہ، اور حب الوطنی کے امتزاج کے ساتھ پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔

"بارڈر 2" کی کہانی حقیقی واقعات پر مبنی ہے، تاہم اس کی تفصیلات ابھی خفیہ رکھی گئی ہیں۔ فلم کا پہلا حصہ 1971 کی جنگ کے پس منظر میں بنایا گیا تھا، جس نے ناظرین کو متاثر کیا اور شاندار کامیابی حاصل کی۔ نئے سیکوئل سے بھی اسی معیار کی توقع کی جا رہی ہے۔

یہ فلم 23 جنوری 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔ مداحوں کو ایک شاندار سینمائی تجربے کے لیے تیار رہنے کا کہا جا رہا ہے، جو حب الوطنی اور بہادری کی داستانوں کو بڑے پردے پر زندہ کرے گی۔

فلم کو بھوشن کمار، کرشن کمار، جے پی دتہ، اور ندھی دتہ پروڈیوس کر رہے ہیں۔ یہ فلم گُلشن کمار اور ٹی سیریز کے بینر تلے جے پی دتہ کی کمپنی "جے پی فلمز" کے اشتراک سے پیش کی جا رہی ہے۔

 

Load Next Story

انٹرٹینمنٹ

رائے