قائد اعظم کے رہنما اصولوں "اتحاد، ایمان اور تنظیم" پرغیر متزلزل عزم کی تجدید کرتے ہیں، افواج پاکستان
قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروس چیفس اور پاکستان کی مسلح کا افواج بابائے قوم کو زبردست خراجِ تحسین کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قائد اعظم کی پائیدار بصیرت اور بے مثال قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں، جن کی انتھک محنت نے قوم کو یکجا کیا اور ایک خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس قومی دن کے موقع پر ہم ان کے رہنما اصولوں "اتحاد، ایمان، اور تنظیم" پر اپنے غیر متزلزل عزم کی تجدید کرتے ہیں، جو آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
اس کے علاوہ مسلح افواج نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ محبت، ہمدردی، اور امن کی ان آفاقی اقدار کا جشن مناتے ہیں جو اس موقع کی روح ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حفاظت، انصاف اور ہم آہنگی کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اپنی عوام اور وطن کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔