افسوس کہ اپنوں کی بات نہیں سنی جاتی، علامہ راجا ناصر عباس
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں پر میرے خیال میںاپنی عوام کی آواز کے بجائے دوسروں جو گورے ہوتے ہیں ان کی زیادہ بات سنی جاتی ہے۔
آپ کومعلوم ہے کہ پاکستان کے عوام گذشتہ دو تین سال سے سٹرکوں پر ہیں، افسوس یہ ہے کہ اپنوں کی بات نہیں سنی جاتی۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان کے حکمرانوں کو اور صاحبان اقتدار کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے جن کے ساتھ عوام نہ ہو ان کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، پاکستان اس وقت مشکل حالت کا شکار ہے،عوام کا اعتماد ہمارے نظام سے اٹھ چکا ہوا ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کھیل داس نے کہا کہ مجھے یہ بتائیں کیا صرف یہ شخص جیل گیا ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف کافی عرصہ جیل میں رہے ہیں صدر مملکت آصف زرداری کئی سال جیل میں رہے ہیں، ماضی میں بھٹو صاحب بھی جیل میں رہے ہیں، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزرا احسن اقبال اور سعد رفیق بھی جیلوں میں رہے ہیں تو کبھی آپ نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اس طرح کی باتیں سنی ہیں؟،
عمران خان بہانہ ہے، ہمارے ایٹمی اثاثے نشانہ ہیں، یہ سب کچھ اب کھل کر سامنے آ گیا ہے جس کا ہم ہمیشہ اظہار کرتے تھے۔
رہنما پی ٹی آئی فلک ناز نے کہا کہ حکومت نے آئین اور عدالتوں کے ساتھ کھلواڑ کیا، یہ فارم 47 کے ذریعے حکومت میں آئے ہیں، ان کا وزیراعظم خود ہارا ہوا ہے پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہاری ہوئی ہے، نواز شریف خود ہارا ہوا ہے،17سیٹوں کے ساتھ ہمارا مینڈیٹ چرا کر یہ لوگ حکومت میں ہیں۔
حکومت میں ہونے کے باوجود یہ کس طرح سے بات کر رہے ہیں، میں کہتی ہوں کہ حکومت والوں کو طریقے سے بات کرنی چاہیے، اپوزیشن کا یہ کام ہے کہ وہ اپنی جمہوری اور آئینی حدود میں رہ کر مظاہرے بھی کر سکتے ہیں۔
انھوں نے ہمارے ساتھ کیا کیا ہے، انھوں نے ظلم، بربریت اور فسطایت کا بازار گرم کر رکھا ہے، اس حکومت کے پاس عوام کی طاقت نہیں اور یہ عوام کے پاس جا نہیں سکتے ہیں۔