سینچورین ٹیسٹ؛ پاکستان کے دوسری اننگ میں 3 وکٹوں پر 88 رنز، خراب روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل ختم
سینچورین ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا لیے اور 2 رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے۔ خراب روشنی کے باعث روکا گیا کھیل دوبارہ شروع نہیں ہو سکتا۔
دوسرا روز
سینچورین میں میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔
جنوبی افریقا کی دوسرے روز پہلی وکٹ 48 رنز کے اضافے کے بعد ملی جب ٹمبا بووما 31 رنز بناکر پویلین لوٹے، بعدازاں 178 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ بیڈنگھم 30 اور پھر 188 رنز پر کائل ویرین 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقی اوپنر ایڈن مارکرم 89 رنز، مارکو جانسن 2، کاگیسو ربادا 13 اور ڈین پیٹرسن 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کوربن بوش 81 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو 301 اور برتری کو 90 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور خرم شہزاد نے 3،3 ، عامر جمال نے 2 اور محمد عباس اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے دوسری اننگ کا آغاز 90 رنز کے خسارے کے ساتھ کیا۔ 88 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی 3 وکٹیں گر چکی ہیں اور 2 رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے۔ صائم ایوب 28، کپتان شان مسعود 28 اور کامران غلام 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت کریز پر بابر اعظم 16 اور نائب کپتان سعود شکیل 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پروٹیز کی جانب سے مارکو جینسن نے 2 اور رباڈا نے 1 وکٹ حاصل کی ہے۔
پہلا روز
ٹیسٹ میچ کا محتاط انداز میں آغاز کرنے کے باوجود پاکستانی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 211 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے کامران غلام 54 رنز بنا کرنمایاں رہے، عامر جمال 28، محمد رضوان 27، کپتان 17، سعود شکیل 14، صائم ایوب 14، خرم شہزاد 11، بابر اعظم 4 اور نسیم شاہ 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد عباس 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5، کوربن بوش نے 4 اور مارکو جینسن نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دن کے اختتام تک جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے۔ ٹرسٹن اسٹبز 9، رائن رکلٹن 8 اور ٹونی ڈی زورزی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔