بھارت میں مسافر ٹرین نے اسکول بس کو روند دیا 12 بچے ہلاک 28 زخمی

زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے، حادثے میں بس ڈرائیور بھی ہلاک ہوگیا، پولیس

زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے، حادثے میں بس ڈرائیور بھی ہلاک ہوگیا، پولیس فوٹو؛فائل

بھارت میں ٹرین نے اسکول بس کو روند دیا جس کے نتیجے میں 12 بچے ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔



بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانا کے ضلع میڈک میں مسافر ٹرین نے گاؤں ماسیاپیٹ کے قریب پٹڑی عبور کرنے والی اسکول بس کو روند دیا جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور سمیت سوار 40 بچوں میں سے 12 موقع پر ہی ہلاک جبکہ دیگر زخمیوں میں بھی کئی کی حالت نازک ہے۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔


پولیس کے مطابق زخمی حالت میں اسپتال لائے گئے 16 بچوں کی عمریں 7 سے 14 سال کے درمیان ہے جبکہ حادثے کے نتیجے میں بس ڈرائیور بھی ہلاک ہوا تاہم خدشہ ہے کہ ڈرائیور نے مسافر ٹرین کے ہارن کی پرواہ کئے بغیر ریلوے لائن پر بس چڑھا دی جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔دوسری جانب ریاست تلنگانا کے وزیراعلی چندرا شیخرا راؤ نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔


واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہر سال ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے 15 ہزار افراد ٹرینوں کی زد میں آکر ہلاک ہوجاتے ہیں جبکہ اس حوالے سے 2 سال قبل حساس مقامات پر پل اور انڈر پاسز بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

Load Next Story