جسپریت بمراہ پر انجری کے بادل منڈلانے لگے
بارڈر-گواسکر سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان جسپریت بمراہ پر انجری کے بادل منڈلانے لگے۔
جمعے سے شروع ہونے والے سڈنی ٹیسٹ کے دوسرے روز جسپریت بمراہ لنچ کے فوراً بعد ایک اوور پھینک کر باہر چلے گئے اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ان کو ٹیم ڈاکٹر اور سیکیورٹی آفسر کے ساتھ ڈریسنگ روم سے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
دن کے اختتام کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں فاسٹ بولر پراسدھ کرشنا کا کہنا تھا کہ بمراہ کو بیک اسپیزم ہوا ہے، وہ اسکینز کے لیے گئے ہیں۔ میڈیکل ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے۔ مزید تفصیلات تب معلوم ہوں گی جب میڈیکل ٹیم واپس آئے گی۔
واضح رہے آسٹریلیا کے اس دورے پر جسپریت بمراہ کا ورک لوڈ تشویش ناک رہا ہے۔ اس سریز میں انہوں نے نو اننگز میں 152.1 اوورز کرائے ہیں اور 13.06 کی اوسط سے 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے آسٹریلیا میں بھارتی بولرز کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں بِشن بیدی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔