پشاور، بارات میں جانے والی گاڑی پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق
پشاورتھانہ مچنی گیٹ کے علاقے میں چلتی گاڑی پر فائرنگ اندھادھند فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق اور 6افراد زخمی ہوگئے۔
مچنی گیٹ پولیس کے مطابق فریق اول اسلام اللہ اور انکے خاندان کے افراد شادی کی تقریب میں دوگاڑیوں میں جارہے تھے کہ ا س دوران گھات لگائے مسلح افراد نے باراتیوں گاڑیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد متعدد گولیاں لگنے سے جاں بحق جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر 6افراد زخمی ہوئے۔
پولیس نے بتایاکہ فریق اسلام اللہ کا فریق ارباب سیف علی، ممریز وغیرہ کے ساتھ سابقہ قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں اسلام اللہ ولد ملک امان اللہ ،محمد طارق ولد میر رحمان ،کامران الہی ولد فضل الٰہی،یوسف ولد اطلس،عباس ولد محمد اکبر اورعلی حسن ولد میر حسن سکنہ تہکال کے ناموں سے ہوئی۔
واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن نور جمال ، ایس پی ورسک مختیار علی آپریشن اور انویسٹی گیشن افسران کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے ہیں۔
پولیس نے مقتولین اور مجروحین کو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ ورثاءکی رپورٹ پرملزمان کیخلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائیگا۔
دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مچنی گیٹ میں قتل کئے جانیوالے چھ افراد کی لاشیں کافی دیر تک راستے میں پڑی رہیں۔ افسوسناک واقعے میں گولیوں کا نشانہ بننے والے زیادہ تر افراد کا تعلق تہکال سے تھا دردناک واقعے کی وجہ سے تہکال اور گردونواح میں جنازے اٹھنے کی وجہ سے فضا سوگوار ہوگئی۔