شہر کے تمام تفریحی مقامات پر پولیو کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

چڑیا گھروں، پارکوں، عجائب گھروں، ساحل سمندر، واٹر پارکس اور دیگر تفریحی مقامات پر فوری پولیو کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے

اہم شاہراہوں وچوراہوں پر پولیو کاؤنٹر قائم ہونگے،عذرا پیچوہو کی زیر صدارت پولیو ٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس، پولیو مہم میں حکام کو مسائل کا سامنا ہے،شرکا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی سمیت صوبے میں پولیوکیسزکی تعداد میں اضافے کے بعد پولیوٹاسک فورس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پولیو وائرس پر قابو پانے کیلیے چڑیا گھر پارکوں، ساحل سمندر اور تفریحی مقامات پر پولیوکاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


یہ فیصلہ جمعرات کوپولیوٹاسک کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں کیاگیا، پولیوٹاسک فورس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی عذراپیچوہو نے کی، اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران کے علاوہ صوبائی محکمہ داخلہ ، ہوم،رینجرز، پولیس کے اعلی حکام سمیت عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور روٹری کلب کے نمائندوں ،ای پی آئی کے صوبائی مینجر ڈاکٹر مظہرخمیسانی، ای ڈی اوہیلتھ ڈاکٹر ظفر اعجازنے بھی شرکت کی، ٹاسک فورس نے کراچی میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کے بارے میں مزید معلومات اوراس کے اسباب کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پولیووائرس پر قابوپانے کیلیے کراچی کے چڑیا گھروں، بچوں کے تفریحی مقامات، پارکوں، عجائب گھروں، ساحل سمندر اور واٹر پارکس سمیت دیگر مقامات پر پولیو کاؤنٹرفوری قائم کیے جائیں۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر بھی پولیو کاؤنٹر قائم کیے جائیں اور اطراف کے علاقے میں پولیو وائرس سے بچاؤ کی تشہیر کی جائے، ٹاسک فورس اور ماہرین صحت نے گڈاپ ٹاؤن سمیت دیگر حساس علاقوں میں پولیومہم کا بھی جائزہ لیا اورحساس علاقوں میں پولیس اور رینجرزاہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں کراچی میںپولیوکیسز کے تواتر سے رپورٹ ہونے پر تشویش ظاہر کی گئی اور خدشے کا اظہارکیا گیا کہ پولیو وائرس کراچی میں بدستور موجود ہے جوکسی بھی وقت پھیل سکتا ہے، اجلاس کے شرکا نے بتایا کہ کراچی میں پولیومہم کے دوران متعلقہ حکام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے،کراچی کے علاقوں گڈاپ، بلدیہ، منگھوپیر، لانڈھی میں پولیومہم کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Load Next Story