لڑکیوں کی تعلیم بڑا چیلنج ہے، مسلم ممالک کو بڑے پیمانے پر کام کرنا ہوگا، وزیراعظم

حکومت پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے تمام اقدامات اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم وقت کا بڑا چیلنج ہے، مسلم ممالک کو اس حوالے سے بڑے پیمانے پر کام کرنا ہوگا۔
 

وفاقی دارالحکومت میں  ’’مسلم معاشروں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع‘‘ کے عنوان سے منعقدہ 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ وقت میں درپیش چیلنجز میں ایک اہم لڑکیوں کی تعلیم بھی ہے۔ مسلم ممالک کو اس سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

بین الاقوامی کانفرنس میں 47 ممالک کے وزرا، اہم شخصیات اور کئی اداروں و تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ  حکومت پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے ساتھ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور اس شعبے میں سامنے آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ مشترکہ اقدامات سے غریب ملکوں میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات  کے لیے علم حاصل کرنے کی اہمیت بتائی ہے۔ وزیراعظم نے اسلام کے ابتدائی دور میں اس حوالے سے حضرت خدیجہ کی خدمات کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی بہن محترمہ فاطمہ جناح نے بھی قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیا۔ اسی طرح بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ آج مریم نواز پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری خواتین قابل اور ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ ہماری خواتین بہادر ہیں۔ ارفع کریم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا،  عالمی کانفرنس کا انعقاد ہمارے لیے اعزاز ہے اور اس میں ملالہ یوسف زئی کا شریک ہونا بھی فخر کا باعث ہے۔ وہ ہمت اور عزم کی علامت ہیں۔

دورانِ خطاب وزیر اعظم شہباز شریف نے عربی زبان میں میں بھی کچھ جملے ادا کیے، جس پر شرکا نے تالیاں بجا کر انہیں سراہا۔

معاہدے پر دستخط
وزیراعظم کے خطاب کے بعد کانفرنس میں بین الاقوامی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ یہ معاہدہ لڑکیوں کی تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔ دستخط کنندگان میں اسلامی تعاون تنظیم کے منتظمین، مسلم رہنماؤں  اور دونوں سیکرٹری جنرل کی موجودگی شامل ہے۔

Load Next Story

@media only screen and (min-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } } @media only screen and (max-width: 600px) { .sidebar-social-icons.widget-spacing { display: none; } }