پاک بنگلہ دیش جوائنٹ بزنس کونسل کے لیے ایم او یو پر دستخط
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بتایا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کی قیادت میں پاکستانی تجارتی وفد نے بنگلہ دیش پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی جس کا اہتمام فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (FBCCI) نے پیر کو ڈھاکا میں کیا، اس فورم میں ایف پی سی سی آئی اور FBCCI کے مابین ایک اعلیٰ سطح کی مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بہتر پر سہولت اور قابل عمل بنانے کے لیے پاکستان-بنگلہ دیش جوائنٹ بزنس کونسل کی تشکیل کی جائے گی۔
عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ بزنس فورم میں متنوع صنعتوں اور شعبہ جات جیسے کہ الیکٹرانکس، کاریں، صنعتی مشینری، قالین، کھلونے، سیرامکس، سینیٹری مصنوعات، دستکاری، کپڑے، ریڈی میڈ گارمنٹس، چمڑے کی مصنوعات، ہوم اپلائنسز، پراسیسڈ فوڈز، فرنیچر، پلاسٹک کے سامان، جوٹ کی مصنوعات، کاسمیٹکس، کھیلوں کے سامان اور زیورات وغیرہ سے متعلق کاروباری دلچسپیوں کی نمائندگی ہو ئی۔
اس موقع پر، FBCCI کے ایڈمنسٹریٹر محمد حفیظ الرحمن نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (SAARC) اور اسلامی تعاون کی تنظیم (OIC) کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
محمد حفیظ الرحمن نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تعلیم، ٹیکنالوجی، انسانی وسائل کی ترقی، تحقیق اور اختراع جیسے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی کافی گنجائش موجود ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے وفد کے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران د یگر اعلیٰ سطحی مصروفیات کے بارے میں آگاہی دیتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کے تجارتی وفد نے ایک دن قبل بنگلہ دیش کے کامرس ایڈوائزر شیخ بشیر الدین سے اہم ملاقات کی۔ جس میں انھوں نے پاکستانی ایکسپورٹرز اور پاکستانی مصنوعات کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنی حکومت کے ارادے کا اظہار کیا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو 25,000 میٹرک ٹن چینی کا ابتدائی آرڈر موصول ہوا ہے اور بنگلہ دیش سے خام کپڑے کی مانگ اتنی زیادہ ہے کہ فیصل آباد میں اس کی کمی ہو گئی ہے۔
ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ پاکستانی وفد باہمی تعاون کی راہیں تلاش کرنے اور مختلف موجودہ اور ابھرتی ہوئی صنعتوں میں بین الاقوامی رجحانات کا مطالعہ کرنے کے لیے ڈھاکہ انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (DITF) کا بھی دورہ کرے گا۔