لاہور: جماعت اسلامی کا 17 جنوری کو مال روڈ پر احتجاج کا اعلان

بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف نہ ملنے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہوگا، ضیا الدین انصاری

لاہور:

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر 17 جنوری کو مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نمازجمعہ کے بعد مسجد شہدا مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف نہ دیے جانے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہوگا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لاہور کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ 

ضیا الدین انصاری نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کو معاہد ہ راولپنڈی سے بھاگنے نہیں دیگی، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑرہی ہے۔

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ حکومت کے مطابق 6 آئی پی پیز سے معاہدے ختم اور 14 سے حکومت کی بات چیت مکمل ہوگئی، آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے کے بعد سالانہ اربوں کی بچت سے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ بجلی کے بلوں میں ریلیف عوام کا حق ہے جس کے حصول کیلئے احتجاج کریں گے۔

یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کچھ روز قبل بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کیے جانے کے خلاف 17 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بہتر ہونے کی خوشخبری تو دے رہے ہیں لیکن پیٹرول و کھانے پینے کی اشیاء کیوں کم نہ ہوئیں، معاشی حالات بد سے بدترین ہوتے چلے جا رہے ہیں۔

Load Next Story