محدود وسائل شہر کی بدقسمتی ہے، میئر کراچی مُرتضیٰ وہاب 

میئر کراچی نے اورنگی ٹاؤن میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا۔

کراچی:

میئر کراچی مُرتضیٰ وہاب  نے کہا ہے کہ اس شہر کی بدقسمتی ہے کہ وسائل محدود ہیں۔

میئر کراچی نے اورنگی ٹاؤن میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا۔

میئر کراچی مُرتضیٰ وہاب  نے افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں فیصلہ آئیگا توعدلیہ کو آزاد کہا جائے گا، اگر خلاف فیصلہ آیا تو ٹرینڈ چلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منعم ظفر نے آج پیپلز پارٹی کے خلاف پریس کانفرنس کی، ہم بتائیں گے کہ ترازو کیا کررہا ہے اور تیر کیا کررہا ہے،  منعم ظفر صاحب کبھی کلفٹن بھی چکر لگایا کریں، پارکس کو عوامی مفاد میں استعمال کرنا چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندے چائنہ کٹنگ والے نہیں ہیں،  اس شہر کی بدقسمتی ہے کہ وسائل محدود ہیں، جماعت اسلامی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر کام نہیں چاہتی۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو اپنے پیروں پر کھڑا کردیا ہے، میں وسیم اختر کی طرح نہیں کہہ رہا کہ اختیارات نہیں ہیں، میں جماعت اسلامی سے ڈرنے والا نہیں ہوں، جماعت اسلامی نیک جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اپنے ٹاؤنز میں کمرشل ایکٹیویٹی نظر نہیں آتی، ہم اربوں روپے سے سڑکیں بنارہے ہیں جماعت اسلامی سڑکیں خراب کررہی ہے، ٹاؤنز اس وقت شہر کی ترقی میں کے ایم سی کا ساتھ نہیں دے رہے، کے الیکٹرک سے گزشتہ روز بھی 20 کروڑ کا چیک آیا ہے۔

Load Next Story