تھائی لینڈ کے سمندر میں ’جیٹ سکی‘ کے درمیان ٹکر سے چینی سیاح ہلاک؛ دوسرا زخمی
تھائی لینڈ کے ساحل پر ایک خوفناک حادثے میں ایک سیاح ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ تھائی لینڈ کے فوکٹ جزیرے پر پیش آیا۔ جہاں دو جیٹ سکی آپس میں ٹکرا گئیں۔
چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم اس حوالے سے تھائی حکومت کے ساتھ مل کر تحقیقات کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ تھائی لینڈ کے ساحلوں پر دو روز میں پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں صرف چینی سیاحوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل پیش آنے والے واقعے میں ایک کشتی میں 33 چینی اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے جو اسی جزیرے میں الٹ گئی تھی۔
خوش قسمتی اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ چین نے اس واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ چینی سیاحوں کے لیے ایک مقبول سیاحتی مقام ہے اور چینیوں کے نئے سال کی آمد پر بڑی تعداد میں چینی سال نو کی تعطیلات منانے پہنچ رہے ہیں۔