’غدر2‘ پر امیشا پٹیل کے تازہ انکشاف نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ امیشا پٹیل نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں "غدر 2" کے اسکرپٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
امیشا پٹیل نے فلم میں اپنے کردار سکینہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسکرپٹ میں ایک اہم موڑ کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے فلم اس لیے کی تھی کیونکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ وہ ولن کو ماریں گی، یہ منظر ایک بیٹی کے والد کے انتقام کی عکاسی کرتا اور ان کے کردار کی اہمیت بڑھاتا۔
امیشا پٹیل نے یہ بھی بتایا کہ فلم کے اسکرپٹ میں تبدیلی کے بارے میں انہیں ایک سال تک اطلاع نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا "مجھے کسی نے نہیں بتایا کہ اسکرپٹ بدل چکا ہے۔ میں نے یونٹ کے اراکین سے سنا کہ کلائمیکس کا شوٹ مکمل ہو چکا ہے‘‘۔
امیشا پٹیل نے فلم کے ڈائریکٹر انیل شرما کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "انیل شرما میرے بہت قریبی تھے۔ وہ فیملی کی طرح تھے، لیکن انہوں نے مجھے نہیں بتایا۔"
امیشا کے ان انکشافات نے مداحوں اور فلمی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ فلم کے حوالے سے مزید حقائق سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔