رام چرن کی فلم 'گیم چینجر' کی کمائی میں دھوکہ دہی کا الزام
بھارتی سینما میں فلم باکس آفس کلیکشن کے اعداد و شمار پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ رام چرن کی نئی فلم ’گیم چینجر‘، جو 10 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی، کی پہلے دن کی کمائی کے دعوے شک کے گھیرے میں آ گئے ہیں۔
فلم پروڈیوسرز نے دعویٰ کیا تھا کہ ’گیم چینجر‘ نے پہلے دن دنیا بھر میں 186 کروڑ روپے کمائے اور یہ بھارتی سنیما کی تاریخ میں چوتھی بڑی اوپننگ ثابت ہوئی۔ تاہم، ماہرین اور جنوبی بھارتی ٹریڈ انڈسٹری کے مطابق یہ دعویٰ مبالغہ آرائی پر مبنی ہے۔
ٹریڈ ٹریکر سیکنلک کی رپورٹ کے مطابق فلم نے پہلے دن بھارت میں صرف 51 کروڑ نیٹ کمائے، جبکہ دنیا بھر میں یہ رقم 80 کروڑ سے زیادہ نہیں تھی۔ اس کے مقابلے میں پروڈیوسرز نے 186 کروڑ روپے کا دعویٰ کیا، جو حقیقت سے بعید نظر آتا ہے۔
فلم ساز رام گوپال ورما نے ان اعداد و شمار کو ’فراڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل انڈسٹری کی توہین کے مترادف ہے۔ کئی ماہرین ان کے دعوے سے اتفاق کرتے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ’گیم چینجر‘ نے پہلے دن 100 کروڑ کا ہندسہ بھی عبور نہیں کیا۔
رام چرن، کیارا ایڈوانی، اور ایس جے سوریا کی اداکاری سے سجی اس فلم کے تنازعات نے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔