کے الیکٹرک صارفین سے 8 قسم کے مختلف ٹیکسز وصول کیے جانے کا انکشاف
وزارت توانائی نے کے الیکٹرک صارفین سے 8 مختلف قسم کے ٹیکسز وصول کیے جانے کا اعتراف کر لیا۔
کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی بلوں پر وصول کیے جانے والے ٹیکسز کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں جس میں انکشاف ہوا کہ صارفین سے 4 مختلف قسم کے جی ایس ٹی وصول کیے جاتے ہیں۔
دستاویز کے مطابق کے الیکٹرک صارفین سے جی ایس ٹی، مزید جی ایس ٹی، اضافی جی ایس ٹی اور خوردہ فروش جی ایس ٹی کی مد میں وصولی کی جا رہی ہے۔
کے الیکٹرک صارفین سے گزشتہ ایک سال کے دوران نارمل جی ایس ٹی کی مد میں 102 ارب 43 کروڑ روپے وصول کیے گئے جبکہ مزید جی ایس ٹی کی مد میں 3 ارب 14 کروڑ اور اضافی جی ایس ٹی کی مد میں 11 ارب 87 کروڑ روپے ادا کیے گئے۔
صارفین سے کے الیکٹرک نے خوردہ فروش جی ایس ٹی کی مد میں 1 ارب 83 کروڑ روپے وصول کیے۔ صارفین نے انکم ٹیکس کی مد میں 30 ارب 26 کروڑ روپے بھی ادا کیے۔
کے الیکٹرک صارفین سے ود ہولڈنگ نیٹ میٹررنگ کی مد میں 61 کروڑ اور ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں 1 ارب 15 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔