علی امین گنڈاپور کو درج مقدمات میں 3 ہفتوں تک گرفتار نہ کرنے کا حکم
ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو درج مقدمات میں تین ہفتوں تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آج حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی اجلاس طے ہے، جس کی وجہ سے علی امین عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اجلاس کس وقت ہوگا؟ وکیل نے بتایا کہ اجلاس آج صبح 11 بجے ہونا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں 3ہفتوں کی توسیع کرتے ہوئے درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈاپور کو 3ہفتوں کے دوران درج مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے۔