چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہونے کی خبروں پر جسپریت بمراہ نے خاموشی توڑ دی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہونے کی خبروں کو مسترد کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر بمراہ نے ان خبروں کو من گھڑت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبر آسانی سے پھیلتی ہے لیکن اس خبر نے تو مجھے ہنسا دیا ہے۔
گزشتہ روز، بھارتی میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ جسپریت بمراہ کی کمر کی تکلیف سے متعلق رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں اس لیے بمراہ بیڈ ریسٹ پر چلے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں؛ چیمپئینز ٹرافی، بمراہ پاکستان کیخلاف میچ نہیں کھیل سکیں گے! انکشاف
بھارتی میڈیا کی رپورٹ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بمراہ کرکٹ میں واپسی کے لیے جلد بازی نہیں کریں گے، ڈاکٹروں نے انہیں بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ بمراہ آسٹریلیا کے خلاف 32 وکٹیں لے کر آخری ٹیسٹ میچ میں کمر درد کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث چیمپیئنز ٹرافی میں انکی شرکت مشکوک ظاہر کی جا رہی تھی۔
دوسری جانب، بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل بھی نہیں کیا گیا ہے تاکہ انہیں انجری سے صحتیاب ہونے کے لیے وقت دیا جا سکے۔