کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے گورنر جنرل کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں
کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے گورنر جنرل اور کمانڈر انچیف میری جے مے سائمن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سینئر سفارت کاروں، قونصل جنرل ٹورنٹو، قونصل جنرل مونٹریال اور تجارت اور سرمایہ کاری کے مشیر نے شرکت کی۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے گورنر جنرل کینیڈا کوصدر، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مضبوط بنیادیں ہیں۔
محمد سلیم نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ ہمارے عوام کے مضبوط تعلقات اور باہمی مفادات ہیں،میں اقتصادی سفارت کاری پر خصوصی توجہ کے ساتھ ٹھوس شراکت داری کو فروغ دینے کا منتظر ہوں، ہائی کمیشن اور تینوں قونصل خانے دو طرفہ روابط کو فروغ دینے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے متحرک پاکستانی کینیڈین کمیونٹی کے ساتھ روابط قائم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔