معروف گلوکار جواد احمد کے خلاف بجلی چوری سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج

بیوٹی پارلر میں میٹر ٹمپرڈ اور فیز ڈیڈ کر کے بجلی چوری کی گئی تھی، لیسکو حکام

لاہور:

معروف گلوکار جواد احمد کے خلاف ان کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر پر بجلی چوری کے  معاملے پر نواب ٹاون پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمہ لیسکو حکام کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ بجلی چوری سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے تشدد سے دو لیسکو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بیوٹی پارلر میں میٹر ٹمپرڈ اور فیز ڈیڈ کر کے بجلی چوری کی گئی تھی۔

پولیس نے گلوکار جواد احمد سمیت چار نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ نواب ٹاون میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمہ ایس ڈی او محمد اصغر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے کے مطابق لیسکو کی ٹیم نے روٹین چیکنگ میں ایک بیوٹی پارلر کا میٹر چیک کیا، جواد احمد کو ان کی اہلیہ بیوٹی پارلر کی مالکن نے اطلاع دی۔

گلوکار جواد احمد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کالے ڈالے پر آئے، انہوں نے میٹر بھی لیسکو اہلکاروں سے چھین لیا اور لیسکو ملازمین اصغر اور شاہد خان کو زدوکوب کر کے زخمی کر دیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق گلوکار جواد احمد نے لیسکو ملازمین پر گاڑی چڑھانے کی بھی کوشش کی۔

Load Next Story