کینسر کا مریض بن کر امریکی ویزا حاصل کرنے والا ملزم سہولت کار سمیت گرفتار
امریکی قونصلیٹ کی جانب سے دی گئی تحریری شکایت پر ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کینسر کا مریض بن کر امریکی ویزا حاصل کرنے والے ملزم کو سہولت کار سمیت گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں سیالکوٹ کے رہائشی رضا عباس اور مبینہ ٹریول ایجنٹ امیر حمزہ شامل ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق رضا عباس نے خود کو کینسر کا مریض ظاہر کرتے ہوئے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس اور دستاویزات کے ذریعے امریکی ویزا حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ملزم نے قونصلیٹ میں جعلی بینک اسٹیٹمنٹس، جن کی مالیت ایک کروڑ روپے کے مساوی بتائی جاتی ہے، اور ٹریول ایجنسی کے جعلی مالک ہونے کی دستاویزات بھی جمع کرائیں۔
تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ رضا عباس کو لیبارٹری رپورٹس اور ایک اسپتال کے سرٹیفکیٹس حافظ نامی لیب ریسپشنسٹ نے 30 ہزار روپے کے عوض فراہم کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رضا عباس کی امریکی ویزے کے لیے درخواست اس سے قبل بھی مسترد کی جا چکی ہے۔ تاہم اس بار سہولت کار امیر حمزہ کی مدد سے ملزم نے دوبارہ درخواست دی۔
ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا۔