امریکا نے تجارتی جنگ شروع کی تو جواب میں ٹرمپ ٹیکس لگائیں گے، کینیڈا کی وارننگ

ہم اپنی طرف سے امریکا پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کو تیار ہیں، کینیڈین وزیر خارجہ

کینیڈا نے خبردارکیا ہے کہ امریکا نے تجارتی جنگ شروع کی تو جواب میں ٹرمپ ٹیکس عائد کردیں گے۔

کینیڈا کی وزیرخارجہ میلانے جولی نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈین مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ کیا تو جوابی کارروائی کے طور پر امریکیوں پر ٹرمپ ٹیکس لگایا جائے گا۔ ہم اپنی طرف سے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے لیے تیار ہیں۔

کینیڈین وزرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے ہمارے خلاف تجارتی جنگ شروع کی تو یہ دہائیوں بعد کینیڈا اور امریکا کے درمیان بہت بڑی تجارتی جنگ ہوگی۔ ٹرمپ نے ٹیکس عائد کیا تو کینیڈا نے بھی جوابی اقدامات کی تیاری کر لی ہے۔

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنی معاشی اور خارجہ پالیسی کے منصوبے کے تحت کینیڈا سے درآمد کی جانے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیکس عائد کریں گے۔ ٹرمپ کی مجوزہ پالیسی کے تحت میکسیکو، چین اور دیگر تجارتی شراکت دار ملکوں سے آنے والی درآمدات پر بھی کسٹم ڈیوٹی بڑھائی جائے گی۔ ٹرمپ کی مجوزہ پالیسی پر عملدرآمد کے نتیجے میں کینیڈا کے صارفین اور اُن کی ملازمتوں پر بہت بڑا اثر پڑے گا۔

اوٹاوا میں کینیڈین حکومت کے ذرائع نے غیرملکی خبر ایجنسی  کو بتایا کہ امریکی ٹیکس کے جواب میں کینیڈا کے حکام امریکا  سے آنے والے سامان پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے پر غورکر رہے ہیں۔پہلے مرحلے میں کینیڈا کی حکومت امریکی اسٹیل کی مصنوعات، ٹائلٹس اور سنک کے سیرامکس، شیشے سے بنی اشیا اور اورنج جوس پر ٹیکس بڑھائے گی جس کو توسیع بھی دی جا سکتی ہے۔

Load Next Story