پارا چنار کیلئے ایمرجنسی ادویات کی بھاری کھیپ روانہ کردی گئی
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر صحت کی ہدایت پر پارا چنار کیلئے ایمرجنسی ادویات کی بھاری کھیپ روانہ کردی گئی۔
سیکریٹری صحت عدیل شاہ کے مطابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور اور مشیر صحت احتشام علی کی ہدایت پر ایمرجنسی ادویات کی بھاری کھیپ اپر کرم روانہ کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ادویات ایم ایس پاڑہ چنار کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حوالے کی جارہی ہیں، 3055 کلوگرام وزنی اودیات حکومت خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کے دو پراوازوں کے زریعے پہنچائی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلسل زمینی رابطے منقطع ہونے اور شدید سرد موسم کی وجہ سے کرم میں ادویات کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے، ایم ایس پاڑہ چنار نے ادویات کے شارٹیج کی پیشگی اطلاع دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ادویات ختم ہونے سے قبل ہی محکمہ صحت نے ادویات فراہم کردی ہیں۔
سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ اپر اور لوئر کرم کیلئے ایمرجنسی کے علاوہ معمول کی خریداری کی ادویات بھی ہیلی کاپٹر کے زریعے بھیجی جاری ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر اعلی کی خصوصی ہدایات پر کرم کے متاثرین کے لئے سردی سے بچنے کے لئے مختلف سامان بھی آج کرم بھیجی گئیں۔
اس سامان میں 500 خیمے، 1000 میٹریسز، 1000 کمبل، 500 پلاسٹک میٹس، 500 ترپولین شیٹس، 100 سرچ لیمپس، 100 سولر لیمپس اور دیگر سامان شامل ہیں۔
علی امین گنڈاپورکا کہنا تھا کہ زمینی راستے کی بندش کے پیش نظر کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے، موجودہ صورتحال میں کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔