کراچی، ملیر میں باپ نے بیٹی اور ملنے آئے دوست کو قتل کردیا

لڑکا رات کے وقت لڑکی سے اسکے گھر ملنے آیا تھا جنہیں لڑکی کے والد نے دیکھ لیا، پولیس

کراچی:

ملیر رفاع عام سوسائٹی میں ایک گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی اور لڑکا جاں بحق ہوگئے۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد اس واقعے کو غیرت کے نام پر قتل قرار دیکر مقتولہ کے والد کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او الفلاح محمد علی مروت کے مطابق واقعہ ملیر رفاع عام سوسائٹی کے ایک گھر کی بالائی منزل پر پیش آیا۔ دونوں مقتولین کی لاشیں موقع پر پائی گئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

جاں بحق لڑکی کی شناخت 18 سالہ فاطمہ دختر اظہر کے نام سے ہوئی جبکہ جاں بحق لڑکے کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی لیکن اس کی عمر تقریباً 20 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ لڑکا رات کے وقت لڑکی سے ملنے اسکے گھر آیا تھا، لڑکی کے والد نے دونوں کو ایک ساتھ دیکھ لیا۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ اس واقعہ میں مقتولہ کے والد اظہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے قبضے سے پستول برآمد کیا گیا ہے، پولیس کے مطابق اس واقعہ میں غیرت کے نام پر قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے وقوعہ سے پستول کے دو خول اور سکہ بھی برآمد کیے ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا کہ دونوں مقتولین کو سر پر ایک ایک گولی ماری گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے دو بچے ہیں اور مقتولہ نے حالیہ دنوں میں اپنی تعلیم چھوڑ دی تھی۔ تحقیقات کے دوران تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حقیقت کا پتہ چل سکے۔

Load Next Story