خام مال کی بڑھتی قیمتوں اور زائد پیداواری لاگت کے باوجود ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ
پاکستان کی بڑی صنعتوں میں 60 فیصد حصے کی حامل ٹیکسٹائل سیکٹر کی کارکردگی بڑھتی ہوئی خام مال قیمتوں اور زائد پیداواری لاگت کے باوجود بہتر ہونے لگی ہے اور مسلسل پانچ ماہ سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات بہتری کی راہ پر گامزن ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ٹیکسٹائل ایکسپورٹس ایک سال میں 6فیصد بڑھ کر دسمبر 2024 میں 1ارب 50 کروڑ ڈالر رہی۔
رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں ریڈی میڈ گارمنٹس سالانہ 20فیصد اور ماہانہ 9فیصد اضافے سے 35کروڑ 70لاکھ ڈالر رہی، اسی طرح نٹ ویئر گارمنٹس کی برآمدات 7فیصد بڑھ کر 39کروڑ 10لاکھ ڈالر رہی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق بیڈ وئیر گارمنٹس کی برآمدات 13فیصد بڑھ کر 25 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی، تولیہ مصنوعات کی برآمدات 1فیصد اضافے سے 8کروڑ 80لاکھ ڈالر رہی۔
مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 10فیصد بڑھ کر 9ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مالی سال 2024 میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ گھٹ کر 16ارب 70کروڑ ڈالر تھی۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اپٹما کے مطابق مالی سال 2025 میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 19ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔