سیف علی خان کی صحت سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

بھارتی اداکار چھ روز قبل اپنے گھر میں ڈکیتی مزاحمت پر شدید زخمی ہوئے تھے

چاقو حملے میں شدید زخمی ہونے والے بھارتی اداکار سیف علی خان کو 6 روز بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

ڈاکٹروں نے سیف علی خان کو ایک ہفتے کے لیے مکمل بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ کسی بھی انفیکشن سے محفوظ رہ سکیں۔

سیف علی خان اپنے باندرہ کے گھر میں چوری کی واردات کے دوران مزاحمت پر چاقو کے حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے، انہیں فوری طور پر رکشے میں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے وقت سیف علی خان کی والدہ اداکار شرمیلا ٹیگور اور اہلیہ کرینہ کپور بھی اسپتال میں موجود تھیں۔

سیف علی خان کو ایک چوٹ انکی ریڑھ کی ہڈی سے صرف 2 ملی میٹر فاصلے پر لگی تھی جس کی وجہ سے انکی ریڑھ کی ہڈی کا سیال باہر نکل گیا تھا اور اسے ٹھیک کرنے کے لیے ایک سرجری کی گئی، اداکار نے بازو اور گردن پر لگنے والی چوٹوں کے لیے پلاسٹک سرجری بھی کروائی۔

بھارتی پولیس نے سیف علی خان پر حملے کے الزام میں ایک بنگلہ دیشی شہری شریف الاسلام شہزاد کو گرفتار کیا ہے جو غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوا تھا اور جھوٹے نام بیجوئے داس سے رہ رہا تھا۔

Load Next Story