چیمپئنز ٹرافی، ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر بھارتی بلے باز نے خاموشی توڑ دی
بھارت کے جارح مزاج بلے باز اور ٹی 20 فارمیٹ کے کپتان سوریا کمار یادو نے چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں سلیکٹ نہ کیے جانے پر خاموشی توڑ دی۔
سوریا کمار یادو کا کہنا تھا کہ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں سلیکٹ نہ کیے جانے کو قبول کر لیا ہے لیکن جو بات زیادہ تکلیف دے ہے وہ یہ کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں بہترکارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں اور آئی سی سی ایونٹ کے لیے مستحق کھلاڑیوں کو ٹیم میں ہونا چاہیے۔
جارح مزاج بلے بازی کے لیے مشہور سوریا ٹی 20 کرکٹ کے خطرناک ترین کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔ تاہم، اس کارکردگی کو وہ 50 اوورز فارمیٹ میں نہیں دِکھا سکے ہیں اور 37 میچز میں 25.76 کی اوسط سے صرف 773 رنز اسکور کر سکے ہیں۔
ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ اس میں تکلیف کیوں ہوگی اگر وہ اچھا کریں گے تو چیمپئنز ٹرافی میں ہوں گے۔ اگر وہ اچھی کارکردگی نہیں دِکھاتے تو بہتر ہے کہ اس بات کو قبول کرلیا جائے۔
واضح رہے سوریا کمار یادو چیمپئنز ٹرافی کے 15 رکنی اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔ تاہم، انگلینڈ کے خلاف 22 جنوری سے شروع ہونے والی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں ان کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔